مہر خبررساں ایجنسی نے سپاہ نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل محمد علی جعفری نے امریکی صدر کے بیت المقدس کے بارے میں فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بیت المقدس صہیونیوں کا مدفن بنےگا امریکہ اور اسرائیل مسجد الاقصی کو شہید کرنے کی تلاش و کوشش کررہے ہیں ۔ جنرل جعفری نے کہا کہ امریکہ کے صدر کا بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ در حقیقت مسجد الاقصی کو شہید کرنے کی امریکی و اسرائیلی مذموم کوشش کا حصہ ہے اگر مسلمانوں نے امریکہ اور اسرائیل کی اس سازش کا ڈٹ کر مقابلہ نہیں کیا تو وقت سرعت کے ساتھ ہاتھ سے نکل جائےگا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے تاریخی حماقت کا ارتکاب کیا ہے اور ان شااللہ بیت المقدس صہیونیوں کا قبرستان بنےگا۔
جنرل جعفری نے کہا کہ امریکی صدر نے اپنے فیصلے کے ذریعہ اپنے بعض قریبی عرب دوستوں کو بھی عالمی سطح پر ذلیل و رسوا کردیا ہے اور ان کے چہرے پر پڑی اسلام کی نقاب کوبھی اتار دیا ہے۔
جنرل جعفری نے کہا کہ امریکی صدر کے فیصلے سے بعض عرب ممالک پہلے سے آگاہ اور با خبر تھے یہ وہی ممالک ہیں جو خطے میں امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کو تحفظ اور فلسطینیوں کے حقوق کو پامال کرنے میں شریک ہیں۔
جنرل جعفری نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ کے خلاف عالم اسلام میں پائے جانے والے غیظ و غضب کو کم کرنے کی تلاش و کوشش کررہا ہے لیکن سعودی عرب کو معلوم ہونا چاہیے کہ مسلمان امریکہ اور اسرائیل نواز غدارعرب حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
آپ کا تبصرہ